May ۰۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران کی دفاعی توانائی خطے کی سلامتی کی ضامن:وزیر دفاع  بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان

وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے ایران کی دفاعی توانائی کو خطے کی سلامتی کا ضامن قرار دیا ہے۔

وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی اور سعودی خطے میں کشیدگی اور بحران کھڑا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایرانو فوبیا پھیلانا، امریکا اور سعودی حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے اور اس خطے میں ان کے ہر اقدام اور کارروائی کا تعلق اسی ایجنڈے سے ہے ۔

وزیر دفاع حسین دہقان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران کی فوجی حکمت عملی دفاعی ہے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کہیں بھی حملہ کرنے کی نیت نہیں رکھی ہے اور دفاعی توانائی میں اضافہ ملک کی حفاظت کے لئے ہے ۔

انھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران کی دفاعی قوت خطے میں استحکام کا عامل ہے کہا کہ ایران کی دفاعی توانائی اس خطے کی ترقی و پیشرفت اور سلامتی کے تحفظ کی ضامن ہے۔

وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے کہا کہ جو قوتیں اس خطے سے باہر سے یہاں آئی ہیں وہ اپنی فوج کی موجودگی کا جواز فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ہر خبر اور مسئلے کو اپنے لئے خطرہ قرار دیتی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ایران نے کبھی بھی کسی ملک پر لالچ کی نظر نہیں رکھی ہے اور اس خطے کے امن و استحکام کے لئے کوشاں ہے اور اس کی قیمت چکا رہا ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جو لوگ ایران کی فوجی توانائی پر اعتراض کرتے ہیں وہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی مشترکہ فوجی مشقوں اور سعودی عرب کی دور مار میزائلوں کی خریداری کو نظر انداز کرتے ہیں-