Aug ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • پائیدار سرحدی سیکورٹی ہماری ریڈ لائن ہے: سیکریٹری اعلی قومی سلامتی کونسل

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے پائیدار سرحدی سیکورٹی کو ایران کی ریڈ لائن قرار دیا ہے۔

 تہران میں عراقی کردستان کے محکمہ داخلہ کے سربراہ کریم سنجاری سے بات چیت کرتے ہوئے علی شمخانی کا کہنا تھا کہ پائیدار سرحدی سیکورٹی ہماری ریڈ لائن ہے اور ایران کی فوجی اور سیکورٹی قوتیں اپنی سرحدوں پر کسی بھی اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی مرکزی حکومت کی اسٹریٹیجی کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران بھی عراقی کردستان ریجن کی حمایت کرتا ہے اور دشوار ترین حالات میں بھی یہ سلسلہ نہیں رکا ہے۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے ایران اور عراقی کردستان کی مشترکہ سرحدوں پر  رونما ہونے والے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تکفیری دہشت گردی کو مشترکہ خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تکفیریت عراقی عوام کے تمام طبقات کی دشمن ہے اور اس خطرے سے واضح ہو گیا ہے کہ متحدہ عراق کی تقویت کے ذریعے ہی پائیدار سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

عراقی کردستان ریجن کے محمکہ داخلہ کے سربراہ کریم سنجاری نے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے سیاسی اور سیکورٹی تعاون کی قدردانی کرتے ہوئے مشترکہ سرحدوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تکفیریت کا ٹھوس اور بھرپور مقابلہ کرنا عراقی کردستان ریجن کی حکومت کا اہم ترین ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے اسٹریٹیجک پارٹنر کی حثیت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔