ایران نے کرکوک میں داعش کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی
ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے عراق کے شہر کرکوک میں دہشت گرد گروہ داعش کے حملوں کی مذمت کی ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی رپورٹ کے مطابق بہرام قاسمی نے کہا کہ عراق میں دہشت گرد اب اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں اور بے گناہ عام شہریوں کے خلاف ان کی کارروائیاں ، انتقامی ہیں کیوں کہ انہیں جنگ کے میدانوں میں ذلت آمیز شکست کا سامنا ہے-
قاسمی نے کرکوک میں دہشت گردانہ کارروائی میں شہید اور زخمی ہونے والے ایرانیوں کی صحیح تعداد کے بارے میں کہا کہ عراق کے شہر سلیمانیہ میں ایرانی قونصل خانہ اس مسئلے کا جائزہ لے رہا ہے لیکن ابتدائی خبروں کے مطابق کرکوک کے دہشت گردانہ حملے میں چار ایرانی شہید اور تین دیگر زخمی ہوئے ہیں - اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس وحشیانہ اقدام پر اپنے گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کرکوک کے حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا -
واضح رہے کہ جمعے کو شمالی عراق کے شہر کرکوک میں داعش کے حملے میں سولہ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں چار ایرانی ٹکنیشین بھی شامل ہیں -