Feb ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کو یمن میں غیر انسانی جرائم کا جواب دینا پڑے گا، ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی حکام کو یمن میں اپنے دو سالہ غیر انسانی جرائم کا جواب دینا پڑے گا۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کو ہتھیار فراہم کرنے پر مبنی سعودی وزیر خارجہ کے ایران کے خلاف کئے جانے والے دعوے کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مسائل کا رخ موڑنے سے حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے اور اسے یہ جان لینا چاہئے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کو غیر ملکی امداد کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ سعودی حکام کو یمن میں اپنے دو سالہ غیر انسانی جرائم کا جواب دینا پڑے گا اور وہ یمن میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر کے خود کو بین الاقوامی ذمہ داریوں سے نہیں بچا سکتے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم میں پیش پیش رہتے ہوئے تقدیر ساز کردار ادا کرنے والے علاقے کے طاقتور ملک کی حیثیت سے ایران، علاقے کے اسلامی ملکوں کے مسائل میں مداخلت کرنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں کرتا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ اور دیگر حکام کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کریں اور ناکامی کے آزمودہ تجربے سے بچنے کی کوشش کریں۔