ترک وزیر خارجہ: ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے واضح کیا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی بم نہیں ہیں اور اس بات کے بھی کوئی شواہد موجود نہیں کہ وہ ایٹم بم بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار موجود نہیں ہیں اور اس بات کا بھی کوئی ثبوت نہیں کہ تہران جوہری بم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے فضائی حملے کے ذریعہ ایران میں حکومت گرائے جانے کے امکان کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں کہا: نہیں، حکومت نہیں گرے گی۔ ایران میں حکومت کی تبدیلی کسی فضائی حملے یا کسی اور ذریعے سے ممکن نہیں، یہ محض ایک خام خیالی ہے۔
ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے اگلے دور کی تیاری جاری ہے، جو تقریباً آٹھ ماہ کے تعطل کے بعد جمعے کے روز عمان میں دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کا معاملہ عالمی ایجنڈے پر نمایاں طور پر چھایا ہوا ہے اور خطہ کسی نئی جنگ کا بوجھ اٹھانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان بھی اس مسئلے پر انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اسی لیے انقرہ ممکنہ جنگ کو روکنے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنا چاہتا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook,X,instagram,tiktok,whatsappchannel
ہاکان فیدان کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے انہیں مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے جبکہ ترکی امریکی فریق کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔
انہوں نے موجودہ کشیدگی کو ایسا مسئلہ قرار دیا جس کا فوری حل مشکل ہے، تاہم اس بات پر زور دیا کہ تمام فریق مذاکرات جاری رکھنے کے لیے سنجیدہ ارادہ رکھتے ہیں۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ اب زیادہ تخلیقی حل تلاش کرنے کی بات زور پکڑ رہی ہے اور جنگ کی دھمکیوں سے دور رہنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جنگ کا کوئی فوری خطرہ نظر نہیں آتا اور مذاکرات کا دروازہ کھل چکا ہے۔