شام سے متعلق آستانہ مذاکرات کا تیسرا دور
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور شام سے متعلق آستانہ مذاکرات میں ایرانی وفد کے سربراہ نے کہا ہے کہ آستانہ مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابری انصاری نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام میں قیام امن کے لئے روس اور ترکی کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کا عمل مثبت انداز میں آگے بڑھ رہا ہے-
ان کا کہنا تھا کہ آستانہ میں جاری تیسرے دور کے مذاکرات میں شام میں جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لئے جو سمجھوتے ہوئے ہیں ان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا-
ان کا کہنا تھا کہ آستانہ کے تیسرے دور کے مذاکرات میں قیدیوں کے تبادلے اور مختلف علاقوں میں بارودی سرنگوں کی صفائی جیسے موضوعات پر بات ہو گی- اس درمیان اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد نے آستانہ میں روس اور ترکی کے وفود سے الگ الگ ملاقات کی-
شام سے متعلق آستانہ مذاکرات کا تیسرا دور باضابطہ طور پر بدھ کو شروع ہو گا جس میں ایران، روس، ترکی، اردن اور شام کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے نمائندے بھی شریک ہوں گے-
شام سے متعلق آستانہ مذاکرات کا پہلا دور تئیس اور چوبیس جنوری کو جبکہ دوسرا دور پندرہ اور سولہ فروری کو ہوا تھا-