اقوام متحدہ کی جانب سے تہران میں دہشت گردی کی مذمت
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i285850-اقوام_متحدہ_کی_جانب_سے_تہران_میں_دہشت_گردی_کی_مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں ایران کی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملوں کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۴:۱۵ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی جانب سے تہران میں دہشت گردی کی مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں ایران کی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملوں کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے۔

آناتولی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں ایران کی حکومت، عوام اور شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں بھی تہران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے، ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

پاکستان کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی امام خمینی (رح) کے مزار اور پارلیمنٹ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے ایران میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھی دہشت گردی سے متاثر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم ایران کے ساتھ ہیں۔

ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کو فون کر کے تہران میں ہونے والے واقعے کی مذمت کی اور انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ہندوستان کی سیاسی جماعت اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی اور لوک سبھا کے ارکان نے بھی اپنے اپنے ٹوئیٹ پیغامات میں، امام خمینی (رح) کے مزار اور پارلیمنٹ سیکریٹریٹ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

لبنان کے اسپیکر نبیہ بری نے اپنے ایرانی ہم منصب علی لاریجانی کے نام پیغام میں تہران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام سے دہشت گردوں کی نابودی میں ایران کے عزم میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا۔

روسی صدر ولادیمیر پوتین کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں تہران کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کر تے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس حملے سے واضح ہو گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے لیے اسلامی ملکوں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنائے جانے کی ضرورت ہے۔

یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے بھی تہران کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال کا پوری طرح جائزہ لے رہی ہیں۔

جرمنی، فرانس، اٹلی، برطانیہ، افغانستان، عراق، شام اور دنیا کے بہت سے دوسرے ملکوں نے بھی تہران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے دہشت گردی خلاف جنگ میں ایران کے کردار کی تعریف کی ہے۔

واضح رہے کہ کل تہران میں ایرانی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملوں کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 42 زخمی ہوگئے تھے۔

دہشتگرد گروہ داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔