ایران اور پاکستان کے پارلیمانی اسپیکروں کے درمیان سیکورٹی مسائل پر گفتگو
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i288362-ایران_اور_پاکستان_کے_پارلیمانی_اسپیکروں_کے_درمیان_سیکورٹی_مسائل_پر_گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان سے مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے پارلیمانی اسپیکروں کے درمیان سیکورٹی مسائل پر گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان سے مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 ایران اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں نے سئول میں ملاقات کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے پارلیمانی اسپیکروں کے درمیان جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں منعقدہ یوریشیا تنظیم کے اسپیکروں کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں ڈاکٹر علی لاریجانی نے سرحدی معاملات کے حوالے سے پاکستانی حکومت اور آرمی پر زور دیا کہ وہ مشترکہ سرحدوں کی نگرانی بالخصوص دہشت گردوں اور شرپسندوں کے، ایران میں داخلے کو روکنے کے حوالے سے ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ پاکستانی حکام ایران سے ملحقہ مشترکہ سرحدوں کی حفاظت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کی توسیع سے دو طرفہ تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔

اس ملاقات میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے تہران کے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے امام خمینی (رح) کے مزار اور ایرانی پارلیمنٹ پر دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائیوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بینکاری شعبے کے حوالے سے بعض معاہدے طے پاچکے ہیں جن کو ابھی تک نافذ نہیں کیا گیا مگر ہمیں امید ہے کہ اس حوالے سے جلد رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔