ایرانی فوج کی دفاعی توانائیوں پر تاکید
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہاہے کہ ایرانی فوج عالمی سامراج اور دشمنوں کے خطرات کے مقابلے میں دفاعی کردار کی حامل ہے-
بریگیڈیئر جنرل محمد باقری نے سنیچر کو فوج کے نئے سربراہ کی حیثیت سے بریگیڈیئر جنرل عبدالرحیم موسوی کی تعارفی تقریب میں کہا کہ دشمن اس ٹھوس نتیجے پر پہنچ گیا ہے کہ اگر اس نے ایران پر حملہ کیا تو اسے بھاری جانی نقصان اٹھانا اور ساتھ ہی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور اسی لئے اس نے پراکسی وار کا راستہ اختیار کیا ہے- انھوں نے کہا کہ ایران کی فوج دشمن اور عالمی سامراج کے خطروں کے مقابلے میں دفاعی کردار ادا کررہی ہے- ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج علاقے میں ایران نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے کہا کہ دشمنوں کو یقین ہوگیا ہے کہ ایران پر حملے کا نقصان ان کے فائدے سے کہیں زیادہ ہوگا اور انھیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی - انھوں نے کہا کہ ایران کی فوج کا مستقبل نہایت روشن ہے اور فوج و سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، اسلامی انقلاب کی حفاظت کے لئے دو مضبوط بازو ہیں- واضح رہے کہ ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے اکیس اگست کو بریگیڈیئرسید عبدالرحیم موسوی کو فوج کا سربراہ مقررکیا تھا -