Sep ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • جوہری تنصیبات پر حملوں کے خلاف ایران کی مجوزہ قرارداد آئی اے ای اے جنرل کانفرنس میں پیش کی جائے گی

اسلامی جمہوریہ ایران جوہری تنصیبات پر حملوں کی ناقابل قبولیت کے بارے میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی جنرل کانفرنس کے آئندہ اجلاس میں ایک مسودہ قرارداد پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

سحرنیوز/ایران: سفارتی ذرائع کے مطابق دستاویز کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے اور اسے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ویانا میں مقیم بین الاقوامی تنظیموں میں روس کے سفیر اور مستقل نمائندے میخائل الیانوف نے بھی اپنے سوشل میڈیا ہنڈل ایکس پر ایک پیغام میں اس کی تصدیق کی۔

میخائل اولیانوف نے وال اسٹریٹ جرنل کے رپورٹر کے ایک متعصبانہ پیغام کے جواب میں جس نے بورڈ آف گورنرز میں ایران کی مجوزہ قرارداد کی حمایت کرنے پر روس کی مذمت کی تھی اپنے ایکس پیغام میں لکھا کہ "وہ (وال اسٹریٹ جرنل کا رپورٹر) بظاہر بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز  اور جنرل کانفرنس کے درمیان فرق کو بھی نہیں جانتا ہے جہاں ایران اپنی جوہری تنصیبات پر حملے کے ناقابل قبول ہونے کے بارے میں قرار داد پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ "روس مخالف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ بحث میں آنے سے پہلے تیاری کرلیا کریں تاکہ اس طرح کی ستم ظریفی اور تضاد سے بچا جا سکے۔"

واضح رہے کہ پروگرام کے مطابق آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس 14 ستمبر کو ویانا میں شروع ہوگی  جو پانچ روز تک جاری رہے گی۔

ٹیگس