ایرانی عوام بے فکر رہیں، دشمن حملے کی ہمت نہیں رکھتا: بریگیڈیئر جنرل نائینی
سپاہ پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح فوج دشمن کے نفسیاتی حربوں سے باخبر ہیں، عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے اتحادی ایران کے خلاف نئی جنگ شروع کرنے کی جرأت نہیں رکھتے اس لیے وہ نفسیاتی حربے استعمال کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنرل نائینی نے میڈیا کو بتایا کہ دشمن نئی جنگ شروع نہیں کرسکتا، اسی لئے ملک میں تشویش اور افراتفری کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم جنگ کے آغاز کرنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ہم اس سے ڈرتے ہیں۔ ہم ایرانی عوام سے کہتے ہیں کہ فکر نہ کریں؛ اگر جنگ ہوئی تو ہم برتری رکھتے ہیں اور ہماری دفاعی طاقت بہت مضبوط ہے جو دشمن کو پچھتاوے پر مجبور کردے گی۔
سپاه پاسداران کے ترجمان نے کہا کہ ایران کی جوابی کارروائیوں نے دشمن کی جارحیت کو روک دیا اور اسرائیل کی سکیورٹی پالیسی مکمل ناکام ہوگئی۔ دشمن نے ایران کی طاقت کا غلط اندازہ لگایا اور سوچا تھا کہ ابتدائی حملے کے بعد ایرانی خاموش ہوجائیں گے، لیکن عوام نے دشمن کو سخت جواب دیا۔
جنرل نائینی نے کہا کہ دشمن انتقام لینے کے لیے اب اقتصادی اور نفسیاتی حربے استعمال کر رہے ہیں لیکن ہماری افواج ہر سطح پر کسی بھی خطرے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور ہماری صلاحیتوں میں ماضی سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔