ایران، ہندوستان اور افغانستان کے سہ فریقی تعاون کی توسیع پر تاکید
ایران ، ہندوستان اور افغانستان کے نائـب وزرائے خارجہ نے سہ فریقی سمجھوتے کے دائرے میں باہمی تعاون کی توسیع اور اس میں تیزی لائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایران، ہندوستان اور افغانستان کے نائب وزرائے خارجہ کی شرکت سے سہ فریقی اجلاس تشکیل پایا جس میں تینوں فریقوں کی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور افغانستان کے نائـب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی اور ہندوستان کے نائب وزیر خارجہ وجے گوکھلے نے ایران کی چابہار بندرگاہ کی گنجائش و توانائی سے استفادہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تینوں ملکوں کے درمیان بینکنگ کے امور اور تجارتی لین دین میں پائی جانے والی تمام رکاوٹوں کو دور کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
سید عباس عراقچی نے چابہار میں تینوں ملکوں کے تعاون کو علاقائی مفادات کے تحفظ کے لئے تعاون کا ایک بہترین نمونہ قرار دیا اور سہ فریقی تعاون کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت پرزور دیا۔
اس موقع پر ہندوستان کے نائب وزیر خارجہ وجے گوکھلے نے بھی معاشی صورت حال کی بہتری کے لئے افغانستان کے ساتھ تعاون اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے ملک کے عزم پر تاکید کی۔