عالمی برادری امریکہ کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا عادی نہ بننے دے، ایران
آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ عالمی برادری امریکہ کو عالمی قوانین اور ضابطوں کی خلاف ورزی کا عادی بننے کی اجازت نہ دے۔
ویانا سے ہمارے نمائندے کے مطابق ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ تہران کو امید ہے کہ عالمی برادری امریکہ کو غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گی اور واشنگٹن کو بین الاقوامی قوانین کی پامالی کا عادی بننے سے روکے گی۔
آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کاظم غریب آبادی نے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کی حالیہ رپورٹ کو ایران کے ایٹمی پروگرام کے شفاف ہونے کا کھلا ثبوت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران پوری نیک نیتی کے ساتھ آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کر رہا ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ ایران کے مفادات اس طرح سے پورے نہیں کیے جار ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے میں جن کا ذکر کیا گیا ہے۔
آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب نے ایک بار پھر ایران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی یک طرفہ علیحدگی اور تہران کے خلاف معطل کی جانے والی پابندیوں کا اعادہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی کھلی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ عالمی برادری کی توہین کے بھی مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نہ صرف یہ کہ ایٹمی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ وفود بھیج کر بعض ملکوں کی کمپنیوں کو ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔
آئی اے ای اے میں ایران کے مستقل مندوب نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایٹمی معاہدہ برسوں تک انجام پانے والے کثیر فریقی مذاکرات کا نچوڑ ہے اور اس کی عالمی برادری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی حمایت کی ہے لہذا یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور پوری عالمی برادری سے تعلق رکھتا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امریکہ کو یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے روکے اور عالمی ضابطوں کی خلاف ورزی کی اس کی عادت ختم کرائے۔