Aug ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • لاریجانی: لبنانی حکومت اور مزاحمتی محاذ کا مشترکہ فیصلہ ہمارے لیے قابل احترام ہے

ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ لبنانی قوم ایک عقلمند قوم ہے جو اپنے فیصلے خود کر سکتی ہے اور لبنانی حکومت و مزاحمتی محاذ مشترکہ سوچ بچار کے ساتھ جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: علی لاریجانی نے آج بروز بدھ 13 اگست 2025 کو لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے سفر کے اہداف کے بارے میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیا۔

لاریجانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران کی طاقت عوام کے اتحاد اور عوامی انقلاب کے مرہون منت ہے، کہا کہ ہم اپنے دوستوں کو کبھی آلہ کار نہیں سمجھتے اور ہم سمجھتے ہیں کہ مزاحمت بذات خود گہرا شعور اور وسیع سوچ رکھتی ہے اور اسے کسی اور سے رہنمائی کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے لبنان کے لیے غیرعلاقائی  ممالک کی طرف سے پیش کردہ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک کو لبنان پر حکم نافذ کرنے کا حق نہیں، لبنانی عوام ایک عقلمند قوم ہے اور اپنے فیصلے خود کر سکتی ہے اور لبنانی حکومت مزاحمت کے اتفاق سے جو بھی فیصلہ کرتی ہے وہ ہمارے لیے قابل احترام ہے۔

لاریجانی نے اپنے اس سفر کے بارے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ علاقے کی حکومتیں خود مختار اور مضبوط ہوں۔ لبنان کو پانی کے اس پار سے آرڈر کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارا موقف یہ ہے کہ ہر ملک کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے، ہم لبنان کے لیے کوئی منصوبہ نہیں لائے نہ ہی آپ کے فیصلہ سازی میں ہمارا کوئی عمل دخل ہے، البتہ امریکی منصوبہ لے کر آئے ہیں۔

اس سوال کے جواب میں کہ آپ کے ملک پر اسرائیل کے علاوہ کس نے حملہ کیا؟ انہوں نے کہا کہ ہوشیار رہیں اسرائیل جو کچھ  جنگ کے ذریعے حاصل نہیں کر سکا وہ آپ پر دوسرے ذرائع سے مسلط نہ کردے ۔ محتاط رہیں اور دوست اور دشمن کی جگہ نہ بدلیں۔

لاریجانی نے ایران اور لبنان کی عوام کے خلاف دشمن کی تخریب کاری کے خلاف خبردار کیا اور تاکید کی کہ دشمن پروپیگنڈے کے ذریعے دوستوں اور دشمنوں کی جگہ بدلنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا دشمن اسرائیل ہے جس نے آپ پر حملہ کیا اور آپ کا دوست وہ ہے جس نے اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی، لہذا دوست کی قدر کریں۔

ٹیگس