سات یورپی بینک ایران کے ساتھ خصوصی چینل قائم کرنے پر رضامند
سات یورپی بینکوں نے ایران کے ساتھ مالیاتی لین دین کے لئے خصوصی رابطہ چینلوں کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔
یہ بات ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے نیویارک میں آئی آر آئی بی کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ یہ چینل صرف یورپ کے لیے ہی نہیں ہوگا بلکہ دنیا کے دیگر ممالک اور کمپینیاں بھی اس کے ذریعے ایران کے ساتھ مالیاتی لین دین انجام دے سکیں گی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ سسٹم ان کمپینوں کے لیے فائدہ مند ہو گا جو زیادہ ڈالر میں لین دین کرتی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس آٹھ مئی کو ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ تاہم برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس اور چین نے اعلان کیا تھا کہ وہ ایٹمی معاہدے کی بدستور حمایت کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ ایران اور یورپ کے درمیان امریکی پابندیوں کو غیر موثر بنانے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔