سعودی عرب یمنی دلدل میں پھنس گیا، جنرل حسین سلامی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا ہے کہ یمن آل سعود اور امریکہ کے لئے دلدل میں تبدیل ہو گیا ہے۔
تہران میں یمنی عوام کی حمایت میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر برگیڈیر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امت مسلمہ پوری طرح سے متحد ہے اور خطے میں مزاحمتی سوچ پروان چڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے نتیجے میں عالم اسلام اور عالمی سامراج کے درمیان اسٹریٹیجک محاذ آرائی شروع ہوئی ہے جس سے امریکہ کو زبردست دھچکہ لگایا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکہ، مسلم امہ کو نابود کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں، شام و یمن کی جنگ اور فلسطینیوں کا قتل عام امریکہ کے اسی دیرینہ منصوبے کا حصہ ہے۔
تقریب مذاہب اسلامی فورم کے سربراہ آیت اللہ محسن اراکی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، سعودی عرب اور اسرائیل نے مسلمانوں کا خون بہانے کے لیے اتحاد قائم کر لیا ہے جو باطل قوتوں کی نابودی کا پیش خیمہ ہے۔
یمن کے مظلوم عوام کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس جمعرات سے تہران میں شروع ہو گئی ہے جس میں دنیا کے پینتس ملکوں کے سیکڑوں دانشور، علما اور انسانی حقوق کے کارکن شریک ہیں۔