Jan ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام نے امریکا کے سپر پاور ہونے کا افسانہ چکنا چور کردیا

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایرانی عوام نے امریکا کے سپر پاور ہونے کا افسانہ چکنا چور کردیا ہے۔

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے ظالم شاہ کے ایران سے فرار ہونے کی چالیسویں سالگرہ اور اسی طرح ایٹمی معاہدے کے نفاذ کے تین سال پورے ہونے کے موقع پر کہا کہ ایرانی عوام نے امریکا کے سپرپاور ہونے کے افسانے کو چکنا چور کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا کہ چالیس سال قبل اسی دن ایرانی عوام نے امریکا کے پٹھو اور آلہ کار شاہ کو ایران سے بھاگنے پرمجبور کردیا اور تین سال قبل اسی دن ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہوا۔

وزیرخارجہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ گذشتہ چالیس برسوں کے دوران امریکی ریشہ دوانیوں اور ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکل جانے کے باوجود ایرانیوں نے امریکا کے سپر طاقت ہونے کے بھرم کو چور چور کرکے رکھ دیا۔

یاد رہے کہ ایٹمی معاہدے پر جولائی دوہزار پندرہ کو دستخط ہوئے تھے اس معاہدے پر ایران اور پانچ جمع ایک گروپ میں شامل ملکوں امریکا، فرانس، برطانیہ، چین، روس اور جرمنی نے دستخط کئے تھے جبکہ سولہ جنوری دوہزار سولہ سے اس پر عمل درآمد شروع ہوا۔

امریکی حکومت نے اس معاہدے پرعمل درآمد کے ابتدائی دنوں سے ہی اس کی خلاف ورزی شروع کردی تھی اور پھر سرانجام ٹرمپ نے مئی دوہزار اٹھارہ میں اس بین الاقوامی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کردیا اورایران مخالف پابندیوں کو دوبارہ بحال کردیا۔

ٹیگس