ہمارے پاس امریکا کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے: قالیباف
ایران کے اسپیکر نے زور دے کر کہا ہے کہ امریکا، اسلام آباد معاہدے کی سات شرطوں پر عمل کر کے ہی ایران کا اعتماد حاصل کر سکتا ہے اور ہمارے پاس اس کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔
سحرنیو/ایران: ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے منگل کی شام پاکستان کے آرمی چیف سید عاصم منیر سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ ایران کے پاس امریکا سے کہنے کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے اور امریکا، ایران کا اعتماد صرف سات شرائط پر عمل درآمد کے ذریعے ہی حاصل کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فوجی نقل و حرکت اور دھمکیاں اسلامی جمہوریہ کے اسٹریٹجک فیصلوں کو متاثر نہیں کر سکتیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق قالیباف نے تہران کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی فوج کے سربراہ سید عاصم منیر سے ملاقات میں ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے جنگ اور مذاکرات کے حالات میں ایران کے ساتھ کھڑے رہنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
قالیباف نے اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وہاں امریکی نائب صدر سے واضح طور پر کہا تھا کہ اسلامی انقلاب سے پہلے اور بعد میں ایران کے خلاف امریکا کے منفی اقدامات کی طویل تاریخ نے ہمیں امریکا پر شدید ترین عدم اعتماد کی کیفیت میں پہنچا دیا ہے اور اب ٹرمپ حکومت کی جانب سے اسلام آباد مفاہمت نامے کی خلاف ورزی اور ان کی بار بار کی دھمکیوں نے اس عدم اعتماد کی بنیاد کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط کر دیا ہے۔
قالیباف نے زور دے کر کہا کہ ہمارے پاس کہنے کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے اور امریکا، ایران کی سات شرطوں پر عمل درآمد کے علاوہ کسی اور طریقے سے اس کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا۔ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ ہم جنگ کے خواہاں نہیں ہیں لیکن اپنے وطن اور قومی وقار کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دھمکیاں اور فوجی نقل و حرکت ایران کے اسٹریٹجک فیصلوں کو متاثر نہیں کر سکتی۔ انھوں نے کہا کہ یہ امریکا تھا جو غلط اندازوں اور ایران کے خلاف جنگ کے باعث دلدل میں پھنس گیا اور اب خود اسے اس سے نکلنے کے لیے ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔
اس ملاقات میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جناب قالیباف کو پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق اور وزیر اعظم شہباز شریف کا سلام پہنچاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ جناب قالیباف کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی آمدورفت کے بارے میں سوال کے جواب میں عاصم منیر نے کہا کہ سرحدی مسائل عارضی اور تکنیکی نوعیت کے تھے اور دونوں ممالک کی سرحد آج سے کھول دی گئی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel