چابہار بندرگاہ علاقے کے ملکوں کو ایک دوسرے سے متصل کرسکتی
ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے محکمہ پورٹ اینڈ شیپنگ کے سربراہ نے کہا ہے کہ چابہار بندرگاہ میں علاقے کے ملکوں کو ایک دوسرے سے متصل کرنے کی بھرپور صلاحیت پائی جاتی ہے۔
ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے پورٹ اینڈ شیپنگ کے محکمے کے سربراہ بہروز آقایی نے تہران میں عمان کے سفیر سعود بن احمد خالد البروانی کے چابہار بندرگاہ کے دورے کے موقع پر کہا کہ چابہار بندرگاہ افغانستان اور بحیرہ عمان اور بحر ہند کے علاقوں میں خشکی میں گھرے ملکوں کی سمندر تک رسائی کا سب سے آسان اور سستا راستہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ چابہار کی شہید بہشتی بندرگاہ ایران کی دیگر بندرگاہوں کے برخلاف جو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں واقع ہیں بحرہند کے شمال میں واقع ہے اور سمندر تک اس کی بہترین رسائی ہے۔
بہروز آقایی نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کی اقتصادی اور تجارتی ترقی اور اشیا و مصنوعات کی ٹرانزیٹ میں تیزی اس بندرگاہ کی اہم خصوصیت ہے اور علاقے کے ملکوں میں یہ بندرگاہ اقتصادی ترقی پیدا کرنے کے تعلق سے انتہائی موثر ہے۔