ایران، انسٹھ ہزار کورونا متاثرین صحتیاب ہوئے
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اب تک انسٹھ ہزار دو سو تہتر کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جہانپور نے پیر کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے مریضوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے اندر کورونا کے ایک ہزار دو سو چورانوے نئے مریض سامنے آئے ہیں اور اس طرح ملک بھر میں کورونا میں مبتلاء ہونے والے مریضوں کی تعداد تراسی ہزار پانچ سو پانچ ہو گئی ہے ۔
کیانوش جہانپور نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے اکیانوے مریضوں کے جاں بحق ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں کورونا وائرس کے سبب اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد پانچ ہزار دو سو نو تک پہنچ چکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس وقت دنیا کے دو سو گیارہ ممالک میں تقریبا ساڑھے چوبیس لاکھ افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار سے زائد کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے جبکہ چھے لاکھ اکتالیس ہزار آٹھ سو چار سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کئے جا چکے ہیں۔