ایران میں 61 ہزار کورونا کے مریض صحتیاب
ایران میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 61 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 60 ہزار 9 سو 65 مریض صحت یاب ہو کر اسپتال سے گھر جا چکے ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان نے منگل کو پریس کانفرنس میں ایران میں کورونا وائرس کے مریضوں کے جدید ترین اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کرونا وائرس کے بارہ سو ستانوے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 84 ہزار 502 افراد اس وائرس میں مبتلاء ہو چکے ہیں۔
کیانوش جہانپور نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد اٹھاسی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد پانچ ہزار دو ستانوے ہو چکی ہے۔
قابل ذکر ہے دنیا میں اب تک پچیس لاکھ تین ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلاء ہو چکے ہیں جن میں کم سے کم ایک لاکھ اکھتر ہزار آٹھ سو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں جبکہ چھے لاکھ انسٹھ ہزار سے زیادہ مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔