ایران میں کورونا کا زور ٹوٹ گیا
ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دن بدن کم ہوتی جارہی ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر صحت ایرج حریرچی نے کل رات ملک میں کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں کورونا کے عروج پر پہنچنے کے دنوں کا اگر آج سے موازنہ کیا جائے توہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد 75 فیصد، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 70 فیصد اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ (Icu) میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد 45 فیصد کم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا اسکریننگ کے دوران 70 فیصد ایسے افراد کی تشخیص ہوئی جو کورونا میں مبتلا تھے اور یہ ایران کے طبی شعبے کیلئے ایک خوش آئند خبر ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں 78 ملین افراد کی اسکریننگ کی گئی اور دورسرے مرحلے میں اب تک 30 ملین افراد کی اسکریننگ کی گئی جو پہلے مرحلے میں انجام پانے والی اسکریننگ سے زیادہ دقیق ہے۔
یاد رہے کہ ایران میں اب تک کورونا میں 98 ہزار 600 افراد مبتلا ہوئے ہیں کہ جن میں سے اب تک 79 ہزار سے زائد افراد اللہ کے فضل و کرم سے صحت یاب ہوئے اور 6 ہزار277 افراد جاں بحق ہوئے۔