کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تراسی ہزار کے قریب پہنچ گئی
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i365694-کورونا_سے_صحتیاب_ہونے_والوں_کی_تعداد_تراسی_ہزار_کے_قریب_پہنچ_گئی
ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب یہ تعداد تراسی ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
May ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  • کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تراسی ہزار کے قریب پہنچ گئی

ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب یہ تعداد تراسی ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ اب تک بیاسی ہزار سات سو چوالیس افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں اور انہیں اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک ہزار چار سو پچاسی نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس موذی وائرس میں مبتلا افراد کی کل تعداد ایک لاکھ تین ہزار ایک سو پینتیس ہوگئی ہے۔  کیانوش جہانپور نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران مزید اڑسٹھ افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد چھے ہزار چار سو چھیاسی ہوگئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں اب تک میں کورونا کے پانچ لاکھ پینتالیس ہزار ٹیسٹ انجام پا چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد اڑتیس لاکھ تیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے دو لاکھ پینسٹھ ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے ہیںجبکہ تیرہ لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔