ایران، ستاسی ہزار سے زائد کورونا متاثرین صحتیاب
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ تقریبا ایک لاکھ نو ہزار کورونا مریضوں میں سے ستاسی ہزار چار سو بائیس مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے پیر کو پریس بریفنگ میں کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک ہزار چھے سو تراسی نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ نو ہزار دو سو چھیاسی ہوگئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر جہانپور کے مطابق اب تک چھے لاکھ سے زائد لوگوں کا ٹیسٹ انجام پا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیس فیصد سے بھی کم مریض اسپتالوں میں بھرتی ہیں جبکہ تقریبا ستر فیصد لوگوں کے اندر کورونا کی نہایت معمولی سی علامات پائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں پینتالیس افراد کورونا کے سبب جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس وقت دنیا بھر میں بیالیس لاکھ افراد کورونا میں مبتلا ہیں جن میں کم سے کم دو لاکھ چوراسی ہزار افراد ہلاک اور پندرہ لاکھ سے زیادہ صحتیاب ہو چکے ہیں۔