ایران، اٹھاسی ہزار کورونا متأثرین شفایاب ہوئے
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i365950-ایران_اٹھاسی_ہزار_کورونا_متأثرین_شفایاب_ہوئے
ایران میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد اٹھاسی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ دس ہزار سات سو سڑسٹھ ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
May ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران، اٹھاسی ہزار کورونا متأثرین شفایاب ہوئے

ایران میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد اٹھاسی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ دس ہزار سات سو سڑسٹھ ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے منگل کو اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ ملک میں کورونا سے صحت پانے والوں کی تعداد اٹھاسی ہزار تین سو ستاون ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے ان پانچ ملکوں میں شامل ہے جہاں کورونا سے صحت پانے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ 

 ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار چار سو اکیاسی نئے کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد ایک لاکھ دس ہزار سات سو سڑسٹھ ہو گئی ہے۔ 

ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے کہا کہ اس عرصے کے دوران مزید اڑتالیس افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کل تعداد چھے ہزار سات سو تینتس تک جا پہونچی۔ 

دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بیالیس لاکھ بہتر ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں سے اب تک کم سے کم دولاکھ ستاسی ہزار افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پندرہ لاکھ  پینتس ہزار سے زائد افراد دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ 

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے  دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ 

اب تک تیرہ لاکھ پچاسی ہزار سے زائد افراد امریکہ میں کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے تقریبا بیاسی ہزار کی موت واقع ہو چکی ہے۔