ایران کورونا سے صحت پانے والوں کے لحاظ سے پہلے نمبر پر
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i366165-ایران_کورونا_سے_صحت_پانے_والوں_کے_لحاظ_سے_پہلے_نمبر_پر
کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کے تناسب کے لحاظ سے ایران دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
May ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران کورونا سے صحت پانے والوں کے لحاظ سے پہلے نمبر پر

کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کے تناسب کے لحاظ سے ایران دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے سنیچر کو اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایران میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کا تناسب تراسی فیصد سے زائد ہوگیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ اب تک ترانوے ہزار ایک سو سینتالیس افراد کورونا سے مکمل طور پر صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید ایک ہزار سات سو ستاون افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کا پتہ لگا ہے جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ اٹھارہ ہزار تین سو بانوے ہو گئی۔

ایرانی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے بتایا کہ ستر دن کے بعد پہلی بار ملک میں چوبیس گھنٹے میں کورونا سے جاں ہونے والوں کی تعداد چالیس سے کم ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے پینتس افراد جاں بحق ہوئے جو گزشتہ  ستّر دن کی کمترین تعداد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد چھے ہزار نو سو سینتس ہے۔ ایرانی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ایران میں اب تک چھے لاکھ تہتر ہزار افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چھیالیس لاکھ بیالیس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جن میں سے کم سے کم  تین لاکھ آٹھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد اٹھارہ لاکھ بتائی جاتی ہے۔