ایران میں کورونا سے صحت بانے والوں کی تعداد 97 ہزار سے زیادہ
ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک ستانوے ہزار سے زائد افراد کو اسپتالوں سے رخصت کر دیا گیا ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے منگل کو اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ اب تک ستانوے ہزار ایک سو تہتر افراد کورونا سے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں دوہزار ایک سو گیارہ نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ چوبیس ہزار چھے سو تین ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر کیانوش جہانپور کے مطابق کورونا وائرس کے نئے مریضوں میں سے زیادہ تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پچھلے جوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے باسٹھ اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد سات ہزار ایک سو انیس ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب تک کورونا کے سات لاکھ سولہ ہزار ٹیسٹ انجام پا چکے ہیں۔
اس وقت ساری دنیا کورونا وائرس کے بحران میں مبتلا ہے اور عالمی سطح پر اس موذی وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد پچاس لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ بیس ہزار جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد انتیس لاکھ سترہ ہزار بتائی جاتی ہے۔