ایران میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اب تک کورنا کے ایک لاکھ اکیس ہزار چار مریض ، صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے پیر کو ملک میں کورونا کے بارے میں اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دوہزار نو سو اناسی نئے مریضوں کا پتہ چلا ہے۔ وزارت صحت کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کیانوش جہانپور نے مزید کہا کہ نئے مریضوں میں چھے سو باون مریضوں کو اسپتال میں ایڈمیٹ کر لیا گیا ہے اور دو ہزار تین سو ستائیس مریضوں کو معائنے اور ضروری ہدایات کے بعد واپس گھر بھیج دیا گیا۔
ایران میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ چوّن ہزار چار سو پینتالیس تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا میں اس وقت کورونا مریضوں کی تعداد تقریبا چھے ملین دو لاکھ تراسی ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں سے کم سے کم تین لاکھ چوہتّر ہزار مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور تقریبا دو ملین آٹھ لاکھ چوّن ہزار صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔