ایران، کورونا کے ایک لاکھ چھتیس ہزار مریض صحت یاب
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i367352-ایران_کورونا_کے_ایک_لاکھ_چھتیس_ہزار_مریض_صحت_یاب
ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ چھتیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Jun ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • ایران، کورونا کے ایک لاکھ چھتیس ہزار مریض صحت یاب

ایران میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ چھتیس ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے پیر کو اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران کورونا کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ پیش کی۔

ڈاکٹر جہانپور نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران دو ہزار تینتالیس نئے مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے سات سو تیرہ افراد کو اسپتال میں داخل اور باقی کو ضروری ہدایات کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ تہتر ہزار آٹھ سو بیاسی ہو گئی ہے۔ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اب تک ایک لاکھ چھتیس ہزار، تین سو ساٹھ افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتالوں سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر جہانپور کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید ستر افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعدملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہزار تین سو اکیاون ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر کیانوش جہانپور کے مطابق ملک میں اب تک کورونا کے گیارہ لاکھ سے زائد ٹیسٹ انجام پا چکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اکہتر لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں چونتیس لاکھ سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔