ایران میں ایک لاکھ اڑتیس ہزار سے زیادہ کورونا مریض صحتیاب
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i367401-ایران_میں_ایک_لاکھ_اڑتیس_ہزار_سے_زیادہ_کورونا_مریض_صحتیاب
ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تقریبا دو ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ ایک لاکھ اڑتیس ہزار کورونا کے مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Jun ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران میں ایک لاکھ اڑتیس ہزار سے زیادہ کورونا مریض صحتیاب

ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تقریبا دو ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ ایک لاکھ اڑتیس ہزار کورونا کے مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے منگل کو ملک میں کورونا مریضوں کے نئے اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دوہزار پچانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جن میں سے نو سو ایک افراد کو اسپتالوں میں بھرتی کر لیا گیا اور باقی کو ضروری ہدایات دے کر واپس بھیج دیا گیا ہے۔

سیما سادات لاری کے مطابق ایران میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ پچھتر ہزار نو سو ستائیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ گذشتہ جوبیس گھنٹے میں چوہتر مریض جان کی بازی ہار گئے اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد آٹھ ہزار چار سو پچیس ہوگئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا کہ اب تک ملک میں ایک لاکھ اڑتیس ہزار چار سو ستاون کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران میں اب تک تقریبا گیارہ لاکھ تیس ہزار افراد کا کووڈ نائنٹین کا ٹیسٹ انجام پا چکا ہے۔

دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بہتر لاکھ بیس ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ دس ہزار مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں اور تقریبا پینتیس لاکھ پچپن ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں ۔