ایران میں کورونا کے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ
ایران میں کورونا وائرس کے تقریبا دو ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک ایک لاکھ چالیس ہزار کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے بدھ کو ملک میں کورونا مریضوں کے نئے اعداد و شمار بیان کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو ہزار گیارہ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جن میں سے آٹھ سو گیارہ افراد کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور باقی کو ضروری ہدایات دے کر واپس بھیج دیا گیا ہے۔
سیما سادات لاری کے مطابق ایران میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ ستتر ہزار نو سو اڑتیس تک پہنچ گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں اکیاسی مریض جان کی بازی بھی ہارے ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہزار پانچ سو چھے ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا کہ اب تک ملک میں ایک لاکھ چالیس ہزار پانچ سو نوے کورونا مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ ایران میں اب تک تقریبا گیارہ لاکھ اکیاون ہزار افراد کا کورونا ٹیسٹ انجام پا چکا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تہتر لاکھ پینتالیس ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جن میں سے چار لاکھ چودہ ہزار مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں اور تقریبا چھتیس لاکھ بیس ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔س