صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار کے قریب
ایران میں کورونا کے دو ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ پینتالیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
جمعے کو اپنی روزانہ کی بریفنگ کے دوران ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان سیما سادات لاری نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے مریضوں میں دوہزار تین سو انہتر افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے نئے مریضوں میں سے چھے سو ستاسی کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا اور باقی کو ضروری ہدایات کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ بیاسی ہزار پانچ سو پینتالیس اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ چوالیس ہزار چھے سو انچاس ہوگئی ہے۔
سیما سادات لاری کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے پچھتر مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد ملک میں اس موذی وائرس کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہزار چھے سو انسٹھ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں اب تک کورونا کے بارہ لاکھ ٹیسٹ انجام دیئے جا چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی وزارت صحت ہر چوبیس گھنٹے کے بعد ملک میں کورونا کی صورتحال کے بارے میں تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتی ہے۔