ایران، ایک لاکھ سینتالیس ہزار کورونا متاثرین شفایاب ہوئے
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے دو ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ ایک لاکھ سینتالیس ہزار کورونا کے مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان سیما سادات لاری نے ہفتے کو ملک میں کورونا کے مریضوں کے نئے اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو ہزار چار سو دس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جن میں سے سات سو چودہ افراد کو اسپتال میں داخل کر لیا گیا اور باقی کو ضروری ہدایات دے کر واپس بھیج دیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق ایران میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ چوراسی ہزار نو سو پچپن تک پہنچ گئی ہے جبکہ گذشتہ جوبیس گھنٹے میں اکہتر مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد آٹھ ہزار سات سو تیس ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا کہ اب تک ملک میں ایک لاکھ چھیالیس ہزار سات سو اڑتالیس کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ایران میں اب تک تقریبا بارہ لاکھ بیس ہزار افراد کا کورونا ٹیسٹ انجام پا چکا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ستتر لاکھ پینسٹھ ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ انتیس ہزار مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ تقریبا چالیس لاکھ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔