سترہ جولائی کو ایران میں کورونا کی صورتحال
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i369342-سترہ_جولائی_کو_ایران_میں_کورونا_کی_صورتحال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے دو ہزار تین سو سے زائد نئے مریض سامنے آئے جبکہ اب تک دو لاکھ بتیس ہزار آٹھ سو تہتر مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Jul ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • سترہ جولائی کو ایران میں کورونا کی صورتحال

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے دو ہزار تین سو سے زائد نئے مریض سامنے آئے جبکہ اب تک دو لاکھ بتیس ہزار آٹھ سو تہتر مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے کورونا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو ہزار تین سو اناسی نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار آٹھ سو باون مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمیٹ کیا گیا اور باقی کو معالجے اور ضروری ہدایات کے بعد گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔

سیما سادات لاری نے کہا کہ ایران میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ انہتر ہزار چار سو چالیس تک پہنچ گئی ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک سو تراسی مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد تیرہ ہزار سات سو اکیانوے ہو گئی ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق اب تک دو لاکھ بتیس ہزار آٹھ سو تہتر مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد تقریبا ایک کروڑ چالیس لاکھ ہو گئی ہے جن میں سے تقریبا پانچ لاکھ ترانوے ہزار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور کم سے کم بیاسی لاکھ چورانوے ہزار مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔