۱۵ اگست کو ایران میں کورونا کی صورتحال
Aug ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے دو ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک تقریبا دو لاکھ چھیانوے ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے ہفتے کے روز کورونا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو ہزار دو سو پینتالیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے نو سو تینتالیس مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ اور باقی کو ابتدائی معالجے اور ضروری ہدایات کے بعد گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ اکتالیس ہزار ستر تک پہنچ گئی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک سو اکسٹھ مریض اپنی جان کی بازی ہار گئے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد انیس ہزار چار سو بانوے ہو گئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک دو لاکھ پچانوے ہزار چھے سو تیس مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد دو کروڑ تیرہ لاکھ اسی ہزار سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے تقریبا سات لاکھ چونسٹھ ہزار مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور کم از کم ایک کروڑ اکتالیس لاکھ چونسٹھ ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ٹیگس