۲۳ اگست کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان ڈاکٹر سیما سادات لاری نے اتوار کو یومیہ پریس بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ ملک میں اب تک تین لاکھ نو ہزار چار سو سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے دو ہزار ایک سو تیرہ نئے مریضوں کا پتہ لگایا گیا جن میں سے آٹھ سو بیاسی کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پیش آئی اور باقی کو ضروری معالجے اور ہدایت کے ساتھ گھر بھیج دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ اٹھاون ہزار نو سو پانچ ہے جبکہ ایک سو اکتالیس کے اضافے کے ساتھ ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بیس ہزار چھے سو تینتالیس ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو کروڑ چونتس لاکھ سے زیادہ اور مرنے والوں کی تعداد اسّی لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے جبکہ ایک کروڑ ساٹھ لاکھ کے قریب افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔