یکم اکتوبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے تین لاکھ تراسی ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے جمعرات کے روز ایران میں کورونا کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار آٹھ سو پچیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار نو سو پچیس مریضوں کو ایڈمٹ اور باقی کو ضروری ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری کے مطابق کہ ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ اکسٹھ ہزار چوالیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو سو گیارہ مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد چھبیس ہزار تین سو اسی ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ اب تک تین لاکھ تراسی ہزار تین سو اڑسٹھ مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تین کروڑ چالیس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں سے کم از کم دس لاکھ کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو کروڑ پچاس لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
صرف امریکہ میں ستر لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریبا دو لاکھ گیارہ ہزار کورونا مریضوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔ اس طرح کورونا سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر جبکہ ہندوستان دوسرے نمبر پر ہے۔