7 دسمبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں دس ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے جبکہ دو سو چوراسی مزید کورونا مریضوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے دس ہزار آٹھ سو ستائیس افراد متاثر ہوئے جن میں سے ایک ہزار چھے سو اکیانوے کورونا مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور باقی کو ضروری دوائیں اور طبی ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے دو سو چوراسی افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پچاس ہزار پانچ سو چورانوے ہو گئی ہے۔
ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ ایران میں کورونا کے دس لاکھ اکیاون ہزار تین سو چوہتر مریضوں میں سے سات لاکھ بیالیس ہزار نو سو پچپن افراد کورونا کو شکست دے کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔