ایران میں کورونا اموات میں 40 فیصد سے زائد کی کمی
ایران کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ ایران میں کورونا اموات میں چالیس فیصد سے زائد کی کمی آئی ہے۔
سعید نمکی نے عالمی ادارہ صحت کے مشرقی بحیرہ روم کے علاقے کے ملکوں کے وزرائے صحت کی شرکت سے منعقدہ آنلائن اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ حالیہ دو ہفتوں میں ایران میں یومیہ کورونا اموات کی تعداد پانچ سو سے کم ہو کر تین سو کے نیچے پہونچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے قومی، علاقائی و عالمی سطح پر بہت سے دروس ملے ہیں جن سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ کسی بھی وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی برادری میں آمادگی نہیں پائی جاتی۔
ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ کورونا نے دنیا کے تمام ملکوں کو اس طرف متوجہ کرایا ہے کہ کسی بھی وبائی مرض کا مقابلہ اور اس کو کنٹرول کرنے کے لئے قیادت، یکجہتی، ہم آہنگی اور ضرورت کے وسائل و آلات فراہم کئے جانے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دس ہزار سے زائد معاملات سامنے آئے جبکہ دو سو چوراسی افراد کورونا سے انتقال کر گئے۔ سیما سادات لاری نے بتایا کہ اب تک دس لاکھ تراسی ہزار تئیس افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے اکیاون ہزار چار سو چھیانوے جاں بحق اور سات لاکھ اٹھتر ہزار ایک سو ساٹھ افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔