19 دسمبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی ترجمانِ وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا اموات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور کورونا سے یومیہ اموات کی تعداد کم ہو کے دوسو سے نیچے آ گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے ہفتے کو کورونا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں چھے ہزار چار سو اکیس نئے کورونا مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے آٹھ سو بائیس مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور باقی کو ضروری دوائیں اور ہدایات دیکر گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران ایک سو پچھتر کورونا کے مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ایران میں کورونا کی دوسری لہر میں یومیہ اموات پانچ سو کے اور متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار سے تجاوز کرگئی تھی تاہم اب کورونا کیسز میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
سیما سادات لاری کے مطابق ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد گیارہ لاکھ باون ہزار بہتر ہو گئی ہے جن میں سے اب تک آٹھ لاکھ پچہتر ہزار نو سو تینتالیس مریض کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔