۵ جنوری کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں کورونا وبا سے ہونے والی اموات میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اٹھانوے کورونا مریض موت کے سے ہمکنار ہوئے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایران میں کورونا کے چھے ہزار ایک سو تیرہ نئے معاملات سامنے آئے جن میں سے چھے سو چھیاسی مریضوں کو اسپتالوں میں داخل اور باقی کو دوائیں اور ضروری طبی ہدایات دے کر گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی تعداد بارہ لاکھ پچپن ہزار چھے سو بیس ہو گئی ہے۔
سیما سادات لاری نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے اٹھانوے مریض دم توڑ گئے اور اس طرح جاں بحق ہونے والے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد پچپن ہزار سات سو اڑتالیس ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ ایران میں اب تک کورونا کے دس لاکھ انتیس ہزار اٹھائیس مریض صحتیاب اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں اب تک آٹھ کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہوئے اور اٹھارہ لاکھ باسٹھ ہزار سے زائد لوگ اس بیماری میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔