۲۶ جنوری کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے گیارہ لاکھ ستتر ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی حالت مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا سے ہونے والی اموات میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اناسی کورونا مریض موت سے ہمکنار ہوئے ہیں۔
سیما سادات لاری نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایران میں کورونا کے چھے ہزار چار سو بیس نئے معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے پانچ سو نوے مریضوں کو اسپتالوں میں داخل اور باقی کو دوائیں اور ضروری طبی ہدایات دے کر گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی تعداد تیرہ لاکھ پچاسی ہزار سات سو چھے ہو گئی ہے۔ سیما سادات لاری نے افسوس کے ساتھ کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے اناسی مریض دم توڑ گئے اور اس طرح جاں بحق ہونے والے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد ستاون ہزار پانچ سو ساٹھ ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ ملک میں اب تک کورونا کے گیارہ لاکھ ستتر ہزار تین سو سڑسٹھ مریض صحتیاب اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں اب تک دس کروڑ سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا اور بیس لاکھ سے زائد اس بیماری میں لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ تقریبا سات کروڑ بیس لاکھ لوگ صحتیاب ہو چکے ہیں۔