ایران میں کورونا متاثرین میں کمی کا سلسلہ جاری
ایران میں کورونا کی تیسری لہر میں یومیہ اموات اور متاثرین میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
ایرانی وزارت صحت نے جمعے کو ایک بیان جاری کے اعلان کیا ہے کہ جمعرات سے جمعے تک، چوبیس گھنٹوں کے اندر کورونا کے دس ہزار ایک سو پینتالیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ ایران کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ان میں ایک ہزار پانچ سو پینتالیس افراد کو اسپتالوں میں داخل کرنا پڑا اور بقیہ کو ضروری دوائیں دے کر اپنے گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی۔
ایران کی وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا سے یومیہ اموات میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دو سو دو کورونا کے مریض جاں بحق ہوئے۔
ایران میں کورونا سے ستائیس لاکھ بتیس ہزار ایک سو باون افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے اب تک اکیس لاکھ چھیانوے ہزار ایک سو ستانوے افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سولہ کروڑ دس لاکھ سے زیادہ ہے جن میں سے چھتیس لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔