غزہ: صیہونیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید
Aug ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
غزہ میں صیہونیوں نے فائرنگ کر کے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا ہے۔
القدس ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غزہ پٹی میں واقع بیت لاہیا سٹی کے شمالی علاقے میں فائرنگ کر کے محمد المصری نامی ایک فلسطینی کو شہید کر دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے الخلیل شہر کے شمال میں واقع بیت امر نامی دیہات میں بھی جنگ میں استعمال ہونے والی اور ربڑ کی گولیوں سے دسیوں فلسطینیوں کو زخمی کر دیا ہے۔ فلسطینی جوانوں نے بھی حلحول اور العروب پناہ گزیں کیمپ میں صیہونیوں کی گاڑیوں پر بوتل بم اور پتھر پھینکے۔ فلسطینی جوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جنوبی بیت لحم میں واقع الخضر سٹی میں جھڑپ ہوئی۔ دوسری جانب سیاسی امور کے ایک ماہر نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کے جرائم و مظالم فوری طور پر بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ مغربی کنارے میں واقع نابلس شہر کی النجاح یونیورسٹی کے پروفیسر عبدالستار نے پریس ٹی وی سے گفتگو کے دوران کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جارحیت مسلسل جاری ہے اور اس کی روک تھام نہیں کی جا رہی ہے۔ عبدالستار قاسم نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم سے چشم پوشی نہیں کی جا سکتی۔ عبدالستار قاسم نے تل ابیب کے ساتھ اردن، مصر، سعودی عرب اور نام نہاد فلسطینی انتظامیہ کے سیکورٹی تعاون پر تنقید کی۔