Aug ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • استنبول: امریکی قونصل خانے پر مسلح افراد کا حملہ، ایک شخص گرفتار

ترکی کے شہر استنبول میں واقع امریکی قونصل خانے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح نامعلوم مسلح افراد نے استنبول شہر میں واقع امریکی قونصل خانے کی عمارت پر فائرنگ کی جس کے بعد قونصل خانے کی حفاظت کے لئے تعینات پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ استنبول پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آوروں میں ایک عورت بھی شامل تھی جو جوابی کارروائی کے فورا بعد اطراف کے ایک گھر میں گھس گئی۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک حملہ آور شخص کو گرفتار بھی کر لیا۔ حملے کے بعد امریکی قونصل خانے کے اطراف کی تمام سڑکوں کو بند کر دیا گیا اور اس واقعے کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئیں۔ امریکی قونصل خانے پر ہونے والے حملے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ حملہ ایسے میں ہوا ہے کہ استنبول شہر میں امریکی قونصل خانے کی عمارت کے اطراف میں اونچی دیواریں کھڑی کی گئی ہیں اور خاص حفاظتی انتظامات کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔