سمیر القنطار کی استقامت و پامردی ، اس شہید کی بے انتہا جانفشانی اور فداکاری کا منہ بولتا ثبوت ہے: حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے سینیئرکمانڈر سمیر القنطار استقامت کی راہ اور فلسطینی امنگوں کی حمایت میں شہید ہوئے ہیں۔
لبنان کے المنار ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ سید حسن نصراللہ نے حزب اللہ کے سینیئرکمانڈر شہید سمیر القنطار کی مجلس ہفتم میں خطاب کرتے ہوئے ان سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں سمیر القنطار کی شہادت پر تعزیت پیش کی اور ہمدرد ی کا اظہار کیا ہے - حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ سمیر القنطار نے فلسطینی کاز کی حمایت میں پورے احساس ذمہ داری اور سنجیدگی کے ساتھ جہاد کیا اور درجہ شہادت پر فائز ہوئے -- انہوں نے ثابت قدمی ، عزم وحوصلے اور ایثار وفداکاری کو شہید سمیر القنطار کی اہم ترین خصوصیات قراردیا اور ان کے اہل خانہ کو ایک بار پھر تعزیت پیش کرتے ہوئے پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت عیسی علیہ السلام کے ایام ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کی - سید حسن نصراللہ نے تیس سالہ قید کے دوران سمیر القنطار کی استقامت و پامردی کو اس شہید کی بے انتہا جانفشانی اور فداکاری کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا اور کہا کہ سمیر القنطار نے ایک ایسے وقت مزاحمتی کارروائیوں کوانجام دینے کی ذمہ داری سنبھالی جب انہیں اس کے انجام یعنی شہادت اور اسیری کا پورا علم تھا - حزب اللہ کے سربراہ نے علاقے میں گذشتہ کئی سال سے جاری بحرانوں کا ذکرکرتے ہوئےکہاکہ یہ بحران تباہ کن جنگوں کے بعد اور صیہونی حکومت کے مفادات کو پورا کرنے کے لئےعلاقے کے عوام پر مسلط کئے گئے ہیں - سید حسن نصراللہ نے مسلم نوجوانوں کو عالم اسلام کے مرکزی مسائل سے دور کرنےکے لئے دشمنوں کی ثقافتی یلغار اور غیر اخلاقی منصوبوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کی سازشوں کا سمیر القنطار جیسے اسلام کے سپوتوں پر کوئی اثر نہیں ہوا ہے - واضح رہےکہ ایک ہفتے قبل صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے دمشق کے مضافات میں ایک رہائشی عمارت پر حملہ کرکے حزب اللہ کے سینیئرکمانڈر سمیر القنطار کو شہید کردیا تھا -