یمن پر سعودی جارحیت کا نیا دور
-
جنگ بندی کے نفاذ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی عرب نے یمن کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔
یمن مخالف سعودی اتحاد نے فائر بندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے اس ملک کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ پھر سے شروع کردیا ہے۔
یمن کے خلاف سعودی عرب کی سرکردگی میں وحشیانہ جارحیت کا یہ سلسلہ، ہفتے کے روز شروع ہوا ہے۔ یمن کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ طریقے سے سعودی جارحیت کا دوبارہ آغاز، بحران یمن کے حل کے لئے بروئے کار لائی جانے والی بین الاقوامی کوششوں پر ایک کاری ضرب ہے۔ واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کی سرکردگی میں قائم ہونے والے اتحاد کی جارحیت، نو ماہ قبل گذشتہ سال مارچ کے مہینے میں شروع ہوئی تھی جس میں اب تک ہزاروں افراد شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں عام شہریوں نیز عورتوں اور بچّوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔
قیام امن کی کوششوں کے تحت جاری جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی عرب نے ہفتے کے روز یمن کے مختلف صوبوں منجملہ صنعا، حدیدہ، صعدہ، تعز اور لحج کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں درجنوں عام شہری شہید و زخمی ہو گئے۔ سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے بھی سعودی سرحدی صوبے جیزان میں ایک کارروائی کرکے اس ملک کے دو ٹینکوں کو تباہ کر دیا۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کی اس کارروائی میں کئی سعودی فوجی ہلاک ہو گئے۔