Jan ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۳ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کے لڑاکاطیاروں کی بمباری آج بھی جاری رہی ، متعدد عام شہری شہید

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے رہائشی علاقوں پر اپنے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رکھا جس میں متعدد عام شہری شہید ہوگئے

سعودی عرب کے لڑاکاطیاروں نے صوبہ حجہ کے وشحہ میں رہائشی علاقے پر حملہ کرکے کم سے کم چھے عام شہریوں کو شہید کردیا اس حملے میں تین شہری زخمی بھی ہوئے ہیں - دو سری جانب سعود ی بمبار طیاروں کے حملوں کے دوران یمن کے دارالحکومت صنعا کے علاقے النہدین ، الدیلمی ایئربیس اور صنعاکے ہوائی اڈے سے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں - اخبار الساعہ نامی نیوزویب سائٹ نے بھی لکھا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے ایک ٹرک کو بھی نشانہ بنایا جس پر گیس کے کیپسول لدے ہوئے تھے - صنعا میں ہوئے ان حملوں میں کتنے جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں ان کی صحیح اطلاع نہیں مل سکی ہے - لیکن خبروں میں بتایا گیا ہے کہ صنعا اور اس کے مضافاتی علاقوں پر بدھ کو کم سے کم بارہ بار ہوائی حملے کئے گئے - یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے رازح ، سحار اور مجز علاقوں پر بھی سعودی طیاروں نے کئی بار حملے کئے جبکہ ان علاقوں پر مارٹر گولوں سے بھی حملے کئے گئے - صوبہ صعدہ کے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ باقم کے علاقے میں بھی سعودی جنگی طیاروں نے کئی بار حملے کئے ہیں جبکہ مارب اور جوف صوبوں میں بھی مختلف مقامات پر سعودی جنگی طیاروں نے حملے کئے ہیں جن کے دوران کولڈ ڈرینک تیار کرنے والا ایک کارخانہ تباہ ہوگیا -