بحرین میں آمریت مخالفین کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیز ہوگیا
بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے عوامی تحریک کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر آمریت مخالفین کی گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک بحرینی تنظیم کا کہنا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں سے کم سے کم سترہ سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت کے کارندوں نے اٹھارہ سال سے کم عمر کے متعدد بچوں کو بھی گرفتار کرکے انٹیلی جینس یونٹ کے حوالے کر دیا ہے۔ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں آئیں جب بحرین کے عوام کی ایک بڑی تعداد نے دارالحکومت منامہ کے بلادالقدیم نامی علاقے میں مظاہرے کیے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ چودہ فروری کو انقلابی تحریک کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر ملک گیر مظاہرے کریں گے۔ مظاہرین ایک بار پھر ملک میں جمہوریت کے قیام اور خاندانی آمریت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ۔ بحرین کے انقلابی گروہوں نے ملک میں جاری آمریت مخالف تحریک کی سالگرہ کے موقع پر عوام سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ بحرین کے عوام فروری دوہزار گیارہ سے ملک میں جمہوریت کے قیام، ناانصافیوں اور تعصبات کے خاتمے کے لیے تحریک چلا رہے ہیں۔ بحرین کی شاہی حکومت سعودی فوجیوں کے ساتھ مل ملک میں جاری عوامی تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔