شام کے علاقے پر ترکی کی گولہ باری جاری ہے
شام کے بعض علاقوں پر ترکی کی گولہ باری کا سلسلہ پیر کو تیسرے دن بھی جاری رہا۔
رپورٹوں کے مطابق ترکی نے پیر کو بھی شام کے کرد علاقوں پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا۔
پریس ٹی وی نے شام کے انسانی حقوق کے نگراں ادارے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ترکی نے پیر کو شام کے تل رفعت شہر اور عزاز کے قریب کے علاقوں پر گولہ باری کی۔
ترکی کا کہنا ہے کہ اس نے شام کے کردوں کی تنظیم کردش ڈیموکریٹک یونین اور اس کے اتحادی کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔
ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے کہا ہے کہ وہ عزاز پر شام کے کردوں کا قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔
ترکی کا دعوی ہے کہ شام کے کردوں کی تنظیم کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹس اور کردش ڈیموکریٹک یونین، ترکی کے کردوں کی تنظیم پی کے کے، کی اتحادی تنظیمیں ہیں -
قابل ذکر ہے کہ شام کے شمالی سرحدی علاقوں پر شامی کردوں کی تنظیم کردش ڈیموکریٹک یونین کا کنٹرول ہے۔
ترکی نے شامی کردوں کی اس تنظیم کے ٹھکانوں پر ایسی حالت میں گولہ باری کی ہے کہ یہ تنظیم تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔